پیانو سیکھنا دماغ پر مفید اثرات مرتب کرتا ہے

ویب ڈیسک  اتوار 4 دسمبر 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

باتھ: ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ موسیقی کے آلات بجانا سیکھنا دماغ کی بصری اور سمعی صلاحیت پر مثبت اثرات رکھتا ہے اور ایسا کرنا غمگین کیفیت سے نکلنے میں مدد دے سکتا ہے۔

جرنل نیچر سائنٹیفک میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ وہ افراد جنہوں نے 11 ہفتوں تک پیانو سیکھنے کے لیے ہر ہفتے ایک گھنٹے تک سبق لیے ان کی بصری اور سمعی تبدیلیوں کی نشان دہی کرنے کی صلاحیتوں میں بہتری اور ڈپریشن، دباؤ اور بے چینی کی کیفیت میں کمی آئی۔

یونیورسٹی آف باتھ کے محققین نے اس تحقیق میں شریک ہونے والے 31 افراد کو موسیقی کی تربیت، موسیقی سننے یا ایک کنٹرول گروپ میں رکھا۔

وہ افراد جن کا پہلے موسیقی سیکھنے کا کوئی تجربہ نہیں تھا ان کو ہفتے میں ایک گھنٹے کا سیشن مکمل کرنے کے لیے کہا گیا۔ جہاں ان دونوں گروپوں نے موسیقی سیکھی یا سنی وہیں کنٹرول گروپ نے یا تو موسیقی سنی یا گھر کا کام مکمل کیا۔

محققین کو معلوم ہوا کہ سبق سیکھنا شروع کرنے سے چند ہفتوں بعد ہی لوگوں کے کثیر حسی معلومات کی فعالیت میں بہتری آئی۔

بہتر ’کثیر حسی عمل‘ ہمیں روز مرہ زندگی میں متعدد سرگرمیوں میں مدد دیتی ہے جیسے کہ کار چلانا، سڑک پار کرنا، بھیڑ میں کسی کو ڈھونڈنا یا ٹی وی دیکھنا وغیرہ۔

کثیر حسی فعلیت میں بہتری موسیقانہ صلاحیتوں کے علاوہ بھی کارآمد تھی۔ موسیقی کی تربیت کی مدد سے لوگوں کی سمعی-بصری فعلیت دیگر افعال میں مزید درست ہوگئی تھی۔

دورانِ تحقیق جنہوں نے پیانو کا سبق لیا تھا ان کے آواز اور منظر کے بیک وقت ہونے کا تعین  کرنے کی صلاحیت میں بہتری آئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔