ملک میں خشک سالی کی وجہ خواتین کا حجاب نہ پہننا ہے، ایرانی عالم

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 جنوری 2023
ایران میں حجاب نہ پہننے پر مھسا امینی دوران حراست ہلاک ہوگئی تھی، فوٹو: فائل

ایران میں حجاب نہ پہننے پر مھسا امینی دوران حراست ہلاک ہوگئی تھی، فوٹو: فائل

تہران: ایرانی عالم محمد مہدی حسینی ہمدانی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں خشک سالی کا سامنا اس وجہ سے ہے کیوں کہ خواتین گلی محلوں میں ننگے سر گھوم رہی ہیں۔

العربیہ نیوز کے مطابق ایرانی عالم نے یہ بات جمعے کے خطبے میں کہی، عالم محمد مہدی حسینی نے ریاستی اداروں سے حجاب نہ پہننے والی خواتین کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

عالم محمد مہدی حسینی ہمدانی نے یہ بھی کہا کہ شریعت اور ملکی قانون کے مطابق خواتین کو اپنا سر ڈھانپنا چاہیے لیکن گلی محلوں اور شاپنگ مالز میں خواتین ننگے سر گھوم رہی ہیں۔ ایک اسلامی ریاست میں اس چیز کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔

ایرانی عالم نے کہا کہ بارشوں میں کمی اور خشک سالی کی ایک وجہ خواتین کا بے حجاب ہو کر پھرنا ہے جس کے رجحان میں مھسا امینی ہلاکت پر ہونے والے مظاہروں کے بعد سے اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے 22 سالہ مہسا امینی کو ستمبر 2022 میں ایران کی پولیس نے حجاب درست طریقے سے نہ پہننے پر گرفتار کیا تھا اور دوران حراست لڑکی کی مبینہ طور پر تشدد کے باعث موت واقع ہوگئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔