سجل علی ’امراؤ جان ادا‘ کے کلاسک کردار میں نظر آئیں گی

ویب ڈیسک  جمعـء 27 جنوری 2023
اردو ادب کا کلاسک ناول ’امراؤ جان ادا‘ مرزا ہادی رسوا نے 1899 میں لکھا تھا (فوؔٹو: انسٹاگرام)

اردو ادب کا کلاسک ناول ’امراؤ جان ادا‘ مرزا ہادی رسوا نے 1899 میں لکھا تھا (فوؔٹو: انسٹاگرام)

  کراچی: پاکستان کی معروف فنکارہ سجل علی ’امراؤ جان ادا‘ کے کلاسک کردار میں نظر آئیں گی۔

اردو ادب کا کلاسک ناول ’امراؤ جان ادا‘ مرزا ہادی رسوا نے 1899 میں لکھا تھا اور اس میں انیسویں صدی کی ثقافت، معاشرت اور محلات کی زندگی کو دکھایا گیا ہے۔

کلاسک ناول پر مبنی متعدد فلمی پروجیکٹ بن چکے ہیں اور نیا پروجیکٹ پاکستانی پروڈیوسر حامد حسین بنارہے ہیں۔

ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو میں حامد حسین کا کہنا تھا کہ میں پروجیکٹ کے متعلق زیادہ نہیں بتاسکتا لیکن ہم ’امراؤ جان ادا‘ پر کام کررہے ہیں اور سجل علی کا اس میں مرکزی کردار ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ایک فلم کے بجائے آٹھ حصوں پر مشتمل سیریز ہوگی، ہم اس سیریز کیلئے دو خواتین فنکاروں کےساتھ کام کررہے ہیں جن میں سے ایک سجل علی ہیں۔

واضح رہے کہ 1972 میں پاکستان میں حسن طارق کی ہدایت کاری میں ’امراؤ جان ادا‘ پر مبنی فلم بنائی گئی جس میں رانی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ بالی وڈ میں مظفر علی کی فلم میں 1981 کو ریکھا نے مرکزی کردار ادا کیا۔ 2006 میں جے پی دتہ کی فلم میں ایشوریہ نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔