اے ٹی ایم میں ڈاکو باپ نے انجانے میں اپنے ہی بیٹے کو لوٹ لیا

ویب ڈیسک  پير 13 مارچ 2023
ڈاکو باپ کو عدالت نے 26 ماہ کی قید کی سزا سنادی؛ فوٹو: فائل

ڈاکو باپ کو عدالت نے 26 ماہ کی قید کی سزا سنادی؛ فوٹو: فائل

اسکاٹ لینڈ: اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے والے نوجوان کو لوٹ لیا گیا، ڈاکو اتنا بدحواس تھا کہ اسے اندازہ ہی نہیں ہوسکا کہ وہ اپنے ہی بیٹے کو لوٹ رہا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ انوکھا واقعہ اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو میں پیش آیا۔ جہاں 45 سالہ ڈاکو نے اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے والے 17 سالہ نوجوان کو عقب سے دبوچ لیا اور چاقو گردن پر رکھ کر لوٹ لیا۔

لوٹنے والے نوجوان نے ڈاکو کی شکل تو نہیں دیکھی لیکن آواز پہچان لی۔ نوجوان حیران رہ گیا کہ ڈاکو کوئی اور نہیں اس کا باپ ہے۔ نوجوان نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ کسے لوٹ رہے ہیں۔

ڈاکو نے سنی ان سنی کرتے ہوئے کہا کہ تم جو کوئی بھی ہو مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا۔ پیسے مجھے دو اور پیچھے مڑ کر مت دیکھنا لیکن لڑکے نے چہرہ باپ کی جانب کیا اور کہا یہ آپ کیا کرنے لگے ہیں۔

ڈاکو اپنے بیٹے کو دیکھ کر شرمندہ ہوگیا اور معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں مجبور تھا۔ میرے پاس کوئی راستہ نہیں تھا۔

بیٹے نے کچھ کہے بغیر گھر کی جانب دوڑ لگادی اور اہل خانہ کو بتادیا اور مشورے کے بعد پولیس کو اطلاع دیدی۔ ملزم کو گھر سے گرفتار کرلیا گیا اور آج 26 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔