رمضان بچت ایکسپو میں 30 سے 50 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ

بزنس رپورٹر  بدھ 22 مارچ 2023
فوٹو : فیس بُک

فوٹو : فیس بُک

کراچی: کراچی ایکسپو سینٹر میں رمضان بچت ایکسپو منعقد کیا جارہا ہے 8 تا 10 رمضان ہونے والی اس نمائش میں صارفین 30 سے 50 فیصد رعایت پر خریداری کرسکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بدر ایکسپو سلوشنز کے تحت رمضان کے مہینے میں کراچی ایکسپو سینٹر میں ہونے والی بچت ایکسپو 2023 کے بارے میں گورنر ہاؤس میں سیشن رکھا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نمائش کے سلسلے میں منعقدہ سیشن میں مہنگائی کی وجہ سے عام طبقہ بالخصوص لوئر اور مڈل کلاس گھرانوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے نمائش کے انعقاد کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔

اس سیشن میں حکومتی شخصیات، کاروباری شخصیات ، ایف ایم سی جیز کے نمائندوں اور ملک بھر کی معروف برانڈز سمیت میڈیا ہاؤسز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس سیشن کا مقصد بچت ایکسپو کے اغراض و مقاصد اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ برانڈز کو اس اہم ایونٹ میں شرکت کی ترغیب دینا تھا۔ بچت ایکسپو میں صارفین 30 سے 50 فیصد  کم نرخ پر خریداری کرسکیں گے۔

بچت ایکسپو 2023 کراچی ایکسپو سینٹر میں 8 سے 10 رمضان المبارک (31 مارچ 2023 سے 2 اپریل 2023) منعقد ہوگی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی توقع  کی جارہی ہے۔ اس ایونٹ میں رعایتی قیمت پر اشیاء و خدمات کی وسیع رینج فروخت کے لیے پیش کی جائیگی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تمام برانڈز پر زور دیا کہ ایک اچھے مقصد کے لیے ہونے والی اس  نمائش میں بھرپور شرکت کریں تاکہ کمیونٹی کی مدد کے کاموں میں برانڈز اور کمپنیاں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

یاد رہے کہ بچت ایکسپو کا انعقاد بدر ایکسپو سلوشنز کے تحت گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور کے ایم سی سمیت جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔