سینئرصحافی عامر الیاس رانا کو تمغہ امتیاز اور اینکرجاوید چوہدری کو ستارہ امتیاز سے نوازدیا گیا
یوم پاکستان کے موقع پرایوان صدر میں منعقد تقریب میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو مختلف اعزازات سے نوازا گیا
ایکسپریس نیوزکے اسلام آباد میں بیوروچیف سینئرصحافی و تجزیہ کارعامرالیاس رانا کو صحافت کے شعبے میں گراں قدر خدمات پر تمغہ امتیاز جبکہ ایکسپریس نیوز کے سینئر اینکروکالم نگار جاوید چودہری کو ستارہ امتیاز کے اعزاز سے نواز دیا گیا۔
یوم پاکستان کے موقع پرایوان صدر میں تقریب منعقد ہوئی جہاں ملک کیلئے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں سینئرصحافی، بیوروچیف ایکسپریس نیوز اسلام آباد اور پروگرام "ایکسپرٹس"میں سینئرتجزیہ کار عامرالیاس رانا کو صحافت کے شعبے میں ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں صدراسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے تمغہ امتیاز سے نوازا۔
تقریب میں اعلان کیا گیا کہ عامر الیاس رانا کی ملکی اور بین الاقوامی معاملات پر گہری نظر ہے، انہوں نے دنیا بھر میں بین الاقوامی کانفرنسوں بشمول نیوکلیئر سمٹ، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس، تاریخی آگرہ سمٹ، جاپان میں افغانستان پر بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس، آذر بائیجان کے پارلیمانی انتخابات اور دیگر عالمی امور کی کوریج کی۔
تقریب میں ایکسپریس نیوز کے سینئر اینکر، مصنف اور کالم نگار جاوید چوہدری کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ جاوید چوہدری طویل عرصہ سے ایکسپریس نیوز پرسیاسی ٹاک شو 'کل تک' کی میزبانی کررہے ہیں اس کے علاوہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ سے کالم تحریر رہے ہیں جو کتابی شکل میں بھی شائع ہو چکے ہیں۔
جاوید چوہدری کئی کتابوں کے مصنف ہیں اور اپنی ویب سائٹ بھی چلا رہے ہیں، ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں انہیں صدر مملکت نے ستارہ امتیاز پہنایا۔