پی ٹی آئی رہنما، سابق گورنر و سابق ارکان اسمبلی اینٹی کرپشن کے نشانے پر

ویب ڈیسک  جمعـء 24 مارچ 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، سابق گورنر پنجاب اور سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آ گئے۔

سابق گورنر پنجاب عمر چیمہ، سابق رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، فرخ حبیب، عامر ڈوگر، سابق صوبائی وزیر مراد راس اور پی ٹی آئی رہنما وارث عزیز، علی اختر کو اینٹی کرپشن میں طلب کیا گیا ہے۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ پر جعلسازی کا کیس ہے، جس پر  اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے انہیں طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رہنما پی ٹی آئی عمر سرفراز چیمہ نے اپنی بہن فاطمہ سرفراز چیمہ کو جعلی فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے ذریعے غیر قانونی طور پر وراثت میں حصہ دلوایا۔ فاطمہ سرفراز چیمہ کی ڈاکٹر ظہیر صفدر سے 2013ء میں طلاق مؤثر ہو گئی تھی۔2013ء میں طلاق مؤثر ہونے کے کاغذات یونین کونسل والٹن میں جمع کروا دیے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ظہیر صفدر کے گزشتہ سال انتقال کے بعد ان کی طلاق یافتہ بیوی فاطمہ سرفراز چیمہ کو جعلسازی سے وراثت میں حصہ دلوایا گیا ہے۔ عمر سرفراز چیمہ نے گورنر کا حلف لینے کے 7 دن بعد اپنے سابق بہنوئی کی وراثت کا انتقال درج کروایا۔ عمر سرفراز چیمہ نے بطور گورنر اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ میں اپنی بہن کا اندراج کروایا۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق گورنر اور ان کی ہمشیرہ  کو 25 مارچ صبح 10 بجے طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی سابق رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ کا چک نمبر 243 میں 50 ایکڑ سرکاری اراضی پر قبضے کا انکشاف  ہوا ہے۔ غلام بی بی بھروانہ نے 50 ایکڑ سرکاری اراضی کی سرکاری فیس خزانے میں جمع نہیں کروائی۔

پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر فرخ حبیب نے سرکاری اراضی پر غیر قانونی کار اسٹینڈ بنا رکھا ہے۔ سابق ایم پی اے وارث عزیز نے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں تعیناتی کے دوران 2043 تک اسٹیٹ مینجمنٹ کرنا تھی۔ وارث عزیز نے اس منصوبے 2500 کنال اراضی زرعی کو رہائشی میں تبدیل کرکے کروڑوں روپے کا گھپلا کیا۔

سابق صوبائی وزیر مراد راس پر انصاف اکیڈمی بنانے کے لیے من پسند افراد کو ٹھیکے دینے کا الزام ہے ۔ واضح رہے کہ اینٹی کرپشن نے سابق صوبائی وزیر مراد راس کو طلب کرلیا ہے جب کہ دیگر رہنماؤں کو بھی آج طلب کر رکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔