عمران خان نے مذاکرات کی مشروط آمادگی ظاہر کردی

مذاکرات کیلیے تیار ہیں مگر آئین اور قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہوگی، چیئرمین پی ٹی آئی کی صحافیوں سے گفتگو


ویب ڈیسک March 31, 2023
فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن آئین اور قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہوگی۔

لاہور زمان پارک میں سینئر صحافیوں اور پی ایف یو جے کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستانی فوج میری فوج ہے اور پاکستان ہم سب کا ہے، عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل آزادانہ الیکشن ہی ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کیلئے تحریک انصاف ہر آخری حد تک جائے گی، وکلاء کی تحریک میں پوری قوم ان کے ساتھ ہو گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مضبوط پاکستان کیلئے مضبوط فوج انتہائی ضروری ہے، قومی ادارے اور ان کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے۔

مزید پڑھیں: انتخابات سےخوفزدہ ن لیگ چیف جسٹس کودھمکا رہی ہے، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ 'ہمارے ہزاروں ساتھیوں کو گھروں سے اٹھایا گیا ہے، غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے ہزاروں کارکن کہاں ہیں کسی کو علم نہیں ہے'۔ انہوں نے کہا کہ 'مجھے اللہ تعالیٰ نے نئی زندگی ملک کی خدمت کیلیے عطا کی ہے میں اپنی قوم اور ملک کی حقیقی آزادی سے کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا'۔

عمران خان نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن آئین اور قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہوگی اور بات چیف صرف مذاکرات الیکشن کے معاملے اور فریم ورک پر ہوں گے۔

پی ایف یو جے کے سیکریٹری رانا عظیم نے اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی بھی آئین اور قانون کی بالا دستی کیلئے اور آزاد عدلیہ کیلئے ہر جدوجہد کا حصہ ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں