فلائی جناح نے کراچی سے اسلام آباد پروازوں کی تعداد بڑھا دی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 27 مئ 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: پاکستان کی سستی ترین ایئر لائن، فلائی جناح نے کراچی اور اسلام آباد کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے نئے شیڈول کا اعلان کردیا، جس کا اطلاق یکم جون 2023 سے ہوگا۔

ترجمان فلائی جناح کے مطابق ایئر لائن اب کراچی اور اسلام آباد کے درمیان مسافروں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہفتہ میں تین پروازیں چلائے گی۔  جیسے جیسے موسم گرما قریب آرہا ہے،ان دو بڑے شہروں کے درمیان سستی اور قابل بھروسہ فضائی سفر کی طلب میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق فلائی جناح کا مقصد رابطوں کو بڑھانا اور کاروبار و تفریح کی غرض سے سفر کرنے والے مسافروں کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے ہموار اور خوشگوار سفر کے تجربہ کو یقینی بنانا ہے۔

ترجمان کے مطابق فلائی جناح معیاری سروس،مؤثر آپریشنز اور زیادہ کنیکٹیویٹی پیش کرتے ہوئے مسافروں کے تجربہ کو ترجیح دیتے ہوئے انتہائی کم قیمت پر قابل بھروسہ اور آرام دہ سفر کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔

اس وقت فلائی جناح پاکستان کے پانچ بڑے شہروں کیلیے پروازیں چلائی جارہی ہیں، جن میں کراچی،اسلام آباد،لاہور،پشاور اور کوئٹہ شامل ہیں۔

فلائی جناح کے بیڑے میں فی الحال تین جدید ائیر بس320شامل ہیں،اکانومی کیبن میں مسافروں کو اضافی آرام کی فراہمی کیلئے کشادہ نشستوں کا استعمال کیا گیا ہے، ہوائی جہاز میں مفت آن لائن اسٹریمنگ سروس ”اسکائی ٹیم“ بھی دستیاب ہے،جس سے مسافر تفریح کے وسیع تر انتخاب کو اپنی ڈیوائسز پر بھی منتقل کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ مسافر انتہائی مناسب قیمتوں پر ”اسکائی کیفے“کے مینیو سے ناشتہ،سینڈوچز اور مختلف اقسام کے دیگر پکوانوں سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

مسافر فلائی جناح کی ویب سائٹ  (www.flyjinnah.com)، کال سینٹر یا ٹریول ایجنسیوں کے ذریعہ اپنی پروازیں بک کراسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔