کتے کو رسی کا پھندا لگا کر مارنے والا ملزم گرفتار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 28 مئ 2023
گرفتار ملزم کی تصویر (فوٹو: پولیس)

گرفتار ملزم کی تصویر (فوٹو: پولیس)

  کراچی: سعود آباد پولیس نے کتے کو رسی کا پھندا لگا کر مارنے والے ملزم کی ویڈیو وائرل ہونے پر اسے گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چند روز قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک شخص نے کتے کو پھانسی دے کر مار ڈالا جس پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کی اور اسے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف سرکاری مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 23/145 بجرم دفعہ 429 کے تحت درج کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزم اکمل علی نے چند روز قبل ملیر سعود آباد کی لیاقت مارکیٹ میں سرعام کتے کو پھانسی دی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

ویڈیو پر لوگوں نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا اور ملزم اکمل علی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کردیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سے گرفتار ملزم اکمل علی کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اسے ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔