پاکستان میں غلطی سے میزائل فائرنگ کے واقعے میں بھارت کو 82 کروڑ کا نقصان

ویب ڈیسک  منگل 30 مئ 2023
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

نئی دہلی: گزشتہ سال مارچ میں پاکستان پر برہموس میزائل کے حادثاتی طور پر فائر ہونے سے بھارت کو 24 کروڑ ( 82 کروڑ پاکستانی روپے) کا نقصان ہوا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سرکار نے دہلی ہائی کورٹ میں ونگ کمانڈر ابھینو شرما کی جانب سے ملازمت سے برطرفی کی درخواست کے خلاف جواب جمع کرایا جس میں ونگ کمانڈر سمیت تین بھارتی فضائیہ (IAF) افسران کی برطرفی کا جواز پیش کیا گیا۔

حکومت نے کہا کہ ان افسران کی سنگین غفلت کی وجہ سے حکومت کو 24 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔

حکومت کا مزید کہنا تھا کہ اس غلطی کی وجہ سے ریاست کی سلامتی پر وسیع  پیمانے پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں معاملے کی حساس نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے  درخواست گزار کی سروس کو ختم کرنے کا ایک شعوری اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا گیا ہے۔

سرکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ میں ایسا فیصلہ 23 ​​سال بعد کیا گیا ہے کیونکہ کیس کے حقائق اور حالات ایسی سخت کارروائی کا تقاضہ کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔