پریانکا چوپڑا نے فرحان اختر کی فلم ’جی لے ذرا‘ چھوڑ دی بھارتی میڈیا کا دعویٰ
فلم کیلئے کترینہ کیف، عالیہ بھٹ اور پریانکا چوپڑا کو فائنل کیا گیا لیکن اب مداحوں کیلئے بری خبر سامنے آئی ہے
بالی وڈ کے معروف اداکار اور فلمساز فرحان اختر کی جانب سے فلم 'جی لے ذرا' کو بنانے کے اعلان کے بعد مداح بہت پرجوش تھے اور وہ خواتین کے مرکزی کرداروں پر مشتمل فلم دیکھنے کے متمنی تھے۔
فلم ' جی لے ذرا' کیلئے کترینہ کیف، عالیہ بھٹ اور پریانکا چوپڑا کو فائنل کیا گیا تھا لیکن اب مداحوں کیلئے بری خبر سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا نے اپنے ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ پریانکا چوپڑا نے فرحان اختر کے پروجیکٹ کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فلم میں پریانکا کی جگہ اب کیارا ایڈوانی کو شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے لیکن اس حوالے سے ابھی کوئی کنفرمیشن سامنے نہیں آئی ہے۔
کچھ عرصہ قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پریانکا چوپڑا اپنی ہالی وڈ مصروفیات کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ کیلئے دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے پروجیکٹ التوا کا شکار ہے۔