قرآن کی بے حرمتی یمنی حوثیوں نے سویڈش مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کردی

دیگر مسلم ممالک بھی یمن کی تقلید کرتے ہوئے سویڈن کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، حوثی وزیرتجارت


ویب ڈیسک July 09, 2023
فوٹو: فائل

سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کےردعمل میں حوثیوں نے سویڈش مصنوعات کی درآمدات پر پابندی عائد کردی ہے۔

عالمی میڈیا نے حوثیوں کے ٹیلی ویژن چینل المسیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ حوثی وزیرتجارت محمد شریف المطہر نے کہا ہے کہ سویڈش مصنوعات کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ4 جولائی کو کیا گیا تھا جو 8 جولائی سے نافذالعمل ہوگیا ہے۔

حوثی وزیرتجارت نے کہا کہ قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کے بعد یمن سویڈن سے اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ انہوں نے دیگر مسلم ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ ان کی تقلید کرتے ہوئے سویڈن سے اشیا کی درآمد روک دیں۔

حوثی حکومت کے ٹریڈمارک ڈیپارٹمنٹ نے 30 سویڈش ایجنسیوں اور 100 برانڈز کی فہرست تیار کی ہے جن کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

حوثی وزیرتجارت کا کہنا تھا کہ سویڈش مصنوعات کی درآمد پر پابندی کے فیصلے کی وزرا کونسل سے منظوری کے بعد اس پر عمل درآمد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

سرکاری ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے حوثی رہنما سید عبدالمالک نے کہا کہ اگر مسلم ممالک متفقہ طور پر سویڈن کا بائیکاٹ کریں تو اس کا نمایاں اثر ہوسکتا ہے جس سے دوسروں کو بھی سبق ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کی بے حرمتی پر کم سے کم ردعمل سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کرنا اوراس کا معاشی بائیکاٹ کرنا ہے۔

 

مقبول خبریں