نائیجیریا میں نماز کے دوران تاریخی مسجد کی چھت گرنے سے 7 نمازی جاں بحق

1830 میں تعمیر کی گئی تاریخی مسجد کی چھت گرنے سے 23 نمازی شدید زخمی بھی ہوئے


ویب ڈیسک August 13, 2023
نائیجیریا میں 1830 میں تعمیر کی گئی مسجد کی چھت گرنے سے 7 نمازی جاں حق اور 23 زخمی، فوٹو: عرب میڈیا

نائیجیریا میں ایک مسجد کی چھت اُس وقت گر گئی جب وہاں سیکڑوں افراد نماز ادا کر رہے تھے جس کے نتیجے میں 7 نمازی جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نائیجیریا کے شمالی صوبے کادونا کے شہر زاریا کی 1830 میں تعمیر کی گئی مسجد میں پیش آیا۔ تاریخی حیثیت کی حامل مسجد میں حادثے کے وقت 200 سے زائد افراد نماز پڑھ رہے تھے۔

ایمبولینس کے ذریعے 50 سے زائد نمازیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی جب کہ 23 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرلیا گیا۔



 

ریسکیو ٹیم کے انچارج نے بتایا کہ تاریخی مسجد کی چھت گرنے سے 4 نمازی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ امدادی کاموں کے دوران مزید 3 لاشیں ملیں۔ زخمیوں میں سے 5 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسجد کے ایک حصے کی چھت گری ہوئی اور کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ نماز جمعہ کے وقت پیش آیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس نائیجیریا میں ایک درجن سے زائد عمارتیں گرنے کے واقعات پیش آئے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں