بھارت کو زیرکرنے سے حوصلے بلند ہوگئے محمد حفیظ

کامران اکمل نے غیرمعمولی کھیل پیش کیا،شعیب ملک کا تجربہ کام آیا،پاکستانی قائد


Sports Desk September 18, 2012
مختلف کمبی نیشنز آزمانے کا موقع میسر آیا، بولرز کو رنز روکنے کی ضرورت ہے، دھونی فوٹو: اے ایف پی

کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بھارت کو پچھاڑنے سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوگئے۔

کامران اکمل نے غیرمعمولی کھیل پیش کیا، شعیب ملک کا تجربہ کام آیا۔ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہاکہ شکست سے قطع نظر مختلف کمبی نیشنز کی آزمائش کا موقع میسر آیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے وارم اپ میچ میں بھارت کو 5 وکٹ سے شکست دی، اس شاندار فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ بھارت کو زیر کرنے سے ہمارے حوصلے کافی بلند ہوچکے ہیں، کھلاڑیوں نے ہدف کا تعاقب مثبت انداز میں کیا۔

ہم جانتے تھے کہ بھارت اگر اتنا بڑا مجموعہ بناسکتا ہے تو ہم بھی سخت محنت سے ایسا کرسکتے ہیں، کامران اکمل نے غیرمعمولی کھیل پیش کیا، ہم نے سری لنکا آنے سے قبل آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز جیتی، اب بھارت کو پریکٹس میچ میں مات دیدی،اس سے ٹورنامنٹ کیلیے ہمارے اعتماد میں کافی اضافہ ہوگیا۔

محمد حفیظ نے سابق کپتان شعیب ملک کی بھی تعریف کی، انھوں نے کہا کہ فتح میں آل رائونڈرکے تجربے نے اہم کردار ادا کیا، انھوں نے کامران کو نہایت عمدگی سے سپورٹ کیا۔ بولنگ اٹیک کے زیادہ کارگر نہ رہنے کے حوالے سے سوال پر پاکستانی قائد نے کہا کہ ہمارے بولرز نے کافی محنت کی مگر صورتحال ان کیلیے موافق نہیں رہی۔

ادھر بھارتی قائد مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ یہ میچ ہمارے لیے کافی بُرا ثابت ہوا،بولرز کو بیٹنگ وکٹوں پر رنز روکنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ شکست سے قطع نظر ہمیں مختلف کمبی نیشنز کی آزمائش کا موقع ملا، پاکستان سے میچ میں ہم نے بولنگ میں کچھ تجربات کیے۔

انھوں نے عندیہ دیا کہ ٹورنامنٹ میں بھی7 بیٹسمین اور 4 بولرز کے ساتھ ہی میدان میں اتریں گے، دھونی نے کہا کہ ایک بیٹسمین کو ڈراپ کرکے پانچویں بولر کا انتخاب کافی مشکل ہوتا ہے، ہمارے بیٹسمین پارٹ ٹائم بولنگ بھی کرسکتے ہیں ، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ 7 بیٹسمینوں کے ساتھ کھیلنے میں ہمیں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔

مقبول خبریں