کنگنا نے 3 کروڑ کے عوض شادی میں رقص کی پیشکش ٹھکرا دی

کنگنا کے نزدیک پیسہ کمانے کا یہ درست طریقہ نہیں، وہ صرف فلموں میں اپنی پرفارمنس پر توجہ دینا چاہتی ہے، بہن گنگولی


Showbiz Desk May 20, 2014
اداکارہ کی عرفان ہاشمی کے ساتھ فلم ’’انگلی‘‘ کی پوسٹ پروڈکشن کا کام جاری ،7 نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائے گی۔ فوٹو : فائل

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے تین کروڑ روپے کے عوض شادی کی ایک تقریب میں پرفارم کرنے کی پیشکش ٹھکرا دی۔

کنگنا رناوت جو فلم ''کوئین'' کی زبردست کامیابی کے بعد ان دنوں شہرت کی بلندیوں پر ہیں اور انھیں متعدد تقریبات اور شادیوں میں پرفارم کرنے کی پیش کش کی جا رہی ہے، حال ہی میں انھیں دہلی میں ایک شادی کی تقریب میں رقص کرنے کے لیے تین کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی مگر اداکارہ نے اس پیشکش کو رد کردیا ہے۔

اداکارہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کے بہت سے اسٹارز شادی تقریبات میں پرفارم کرکے آسانی کے ساتھ رقم کما رہے ہیں مگر کنگنا اس طریقہ سے دولت کمانے پر یقین نہیں رکھتیں اور نہ ہی انھیں ایسا کرنا پسند ہے۔ اسی وجہ سے انھوں آج تک کسی شاہانہ تقریب یا شادی کے موقع پر پرفارم نہیں کیا ہے۔ کنگنا کی بہن رنگولی نے اس پیشکش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ کو بھاری رقم کے عوض شادی کے موقع پر رقص کرنے کی پیشکش کی گئی مگر اس نے انکار کردیا ہے۔

رنگولی کا کہنا تھا کہ کنگنا کے نزدیک پیسہ کمانے کا یہ کوئی درست طریقہ نہیں ہے اور وہ ان دنوں صرف فلموں میں کام کرنا اور اپنے پیشہ ورانہ امور پر ہی توجہ دینا چاہتی ہے۔ ادھر اطلاعات کے مطابق کنگنا رناوت کی عرفان ہاشمی کے ساتھ فلم ''انگلی'' کا ان دنوں پوسٹ پروڈکشن کا کام جاری ہے۔ رینسل ڈی سلوا کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اس فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر ہیں جب کہ کنگنا اور عرفان ہاشمی کے ساتھ سنجے دت بھی مرکزی کردار میں ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدا میں ''انگلی'' کو گزشتہ برس ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی اور اسے رواں برس اسی ماہ یعنی مئی میں سینما گھروں کی زینت بنائے جانے کا کہا گیا مگر اس مرتبہ فلمساز کرن جوہر نے ساجد نڈیاڈوالا کے کہنے پر اپنی فلم کی ریلیز کرنے کی تاریخ مزید آگے لے گئے ہیں اور اسے اب 7 نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنایا جارہا ہے۔

مقبول خبریں