سندھ ہائیکورٹ کا غیرقانونی تعمیرات مسمارنہ کرنے میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی کا حکم
ملوث افسران کیخلاف کارروائی نہیں کی توآپ کیخلاف کارروائی کریں گے،عدالت کی ڈی جی ایس بی سی اے کی سخت سرزنش
سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواستوں پر ڈی جی ایس بی سی اے کو فوری طور پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے اور غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی کرکے پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دے دیا۔
جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو و دیگر حکام بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا، غیر قانونی تعمیرات مسمار نہ کرنے میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی کی؟ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کیخلاف شوکاز کے بعد کوئی کارروائی ہی نہیں کی گئی۔
جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیے کہ اس کا مطلب تو یہی ہے کے شوکاز وغیرہ صرف کورٹ کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ایک تو کوئی کام نہیں کرتی دوسرا جو ادارے میں کرپٹ لوگ ہیں ان کو اہم عہدوں پر بٹھایا ہوا ہے۔ ڈی جی صاحب! آپ کو تو معطل ہونا چاہیے اسی وقت، عدالت نے اسحاق کھوڑو کو جھاڑ پلادی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ اپنی غلطی ماننے کے بجائے غلط چیزوں پر پردہ ڈال رہے ہیں۔ ڈی جی ایس بی سی اے نے کہا کہ سر ہم نے انجینئر عامر خان کو معطل کر دیا تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ معطل کیا ہوتا ہے؟ اس کو تو نوکری سے برطرف کردینا چاہیے تھا۔ جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیے کہ معطل کوئی سزا ہوتی ہے؟ یہ تو اپنی پوری تنخواہ اور مراعات لے رہا ہے۔
عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد شیخ کو روسٹرم پر طلب کرلیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کا ارادہ ہے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کا؟ شاہد شیخ نے کہا کہ جی سر انشاء اللہ ایک مہینے کا ٹائم دیں میں پیش رفت رپورٹ جمع کرادوں گا۔
جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیے کہ آپ کوئی کام بھی کریں گے یا آفس میں بیٹھ کر صرف انشاء اللہ، انشاء اللہ کرتے رہیں گے۔ عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے سے مکالمے میں کہا کہ ملوث افسران کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی نہیں کی تو ہم آپ کیخلاف کارروائی کریں گے۔
عدالت نے سابق ڈی جی ایس بی سی اے یاسین شر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے کو فوری طور پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی کرکے پیش رفت رپورٹ جمع کرانے حکم دیتے ہوئے سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔