ذکا اشرف پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی سربراہی سے مستعفی

ذکا اشرف نے بے اختیار چیئرمین کے بجائے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تاہم استعفے کی منظوری تک کام جاری رکھیں گے، ذرائع


ویب ڈیسک January 19, 2024
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق ذکا اشرف نے اختیارات کے معاملے پر استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا اور اس کے بعد انہوں نے تحریری طور پر اپنا استعفیٰ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو منظوری کے لیے بھیج دیا۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کے ذرائع نے بتایا کہ ذکا اشرف نے بے اختیار چئیرمین رہنے کے بجائے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور پھر تحریری طور پر وزیراعظم کو بھی آگاہ کردیا ہےتاہم استعفی کی منظوری تک وہ ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

مزید پڑھیں: مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور اینڈریو پٹک اپنے اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے

پی سی بی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ذکا اشرف نے مینجمنٹ کمیٹی کی سربراہی اور رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ کمیٹی کی مدت 4 فروری 2024 کو ختم ہو رہی تھی تاہم انہوں نے بےاختیار چئیرمین رہنے کے بجائے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ذکا اشرف کو وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ رکاوٹ ڈال رہی تھی، انگلینڈ کی کاؤنٹی مڈل سسیکس سے ٹی10ن لیگ کے معاہدہ کے باوجود اجازت نہیں مل رہی تھی۔

مزید بتایا گیا کہ گزشتہ دنوں کراچی میں پی سی بی کے اجلاس کا انعقاد بھی روک دیا گیا تھا اور انہیں بورڈ کے انتخابات کے لیے گورننگ بورڈ اراکین کی نامزدگی سے بھی روک دیا گیا تھا۔

دوسری جانب وزرات بین الصوبائی رابطہ کا مؤقف ہے کہ مینجمنٹ کمیٹی کے اختیارات روز مرہ کے امور نمٹانےت تک محدود ہیں اور کمیٹی کی جانب سے بڑے فیصلے نہیں لیے جاسکتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ذکا اشرف کی رخصتی کے بعد وزارت بین الصوبائی کمیٹی کی جانب سے بورڈ کے معاملات پی سی بی کے الیکشن کمشنر شاہ خاور کو سونپے جاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل نگراں حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے