دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متعدد مقامات پر سیلابی کیفیت

دریائے سوات، دریائے کابل اور دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن


ویب ڈیسک July 02, 2014
دریا سوات میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی وجہ سے بجلی کے کئی پول گرگئے ہیں۔ فوٹو: فائل

گرمی کی وجہ سے پہاڑوں پر برف پگھلنے اور مون سون بارشوں کے باعث ملک کے مختلف دریاؤں اور برساتی نالوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے سوات میں منڈہ ہیڈورکس کے مقام پر 28 ہزار 416 کیوسک پانی کے اخراج کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریا میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی وجہ سے بجلی کے کئی پول گرگئے ہیں جس سے کبل اور مٹہ میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ دریائے سوات خیالی میں چارسدہ روڈ کے قریب پانی کا خراج 26 ہزار 900 کیوسک ہے جس کی وجہ سے وہاں بھی درمیانے درجے کے سیلاب کی کیفیت ہے۔

دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پانی کا اخراج 95 ہزار100 کیوسک جبکہ ورسک کے مقام پر 67 ہزار 420 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے دونوں مقامات پر دریائے کابل میں پانی کی سطح میں بتدریج اضافے کے ساتھ درمیانے درجے کا سیلاب ہے، اس کے علاوہ دریائے سندھ میں اٹک خیرآباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 64 ہزار 500 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہاں بھی درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ پشاور میں بڈھنی نالہ میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

اس کے علاوہ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے دریائے راوی اور چناب کے برساتی نالوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جس کے تحت آئندہ دو روز میں دریائے راوی کے نالہ بھین، نالہ بسنتر، نالہ ڈیک، نالہ اوج اور نالہ جھاجری جبکہ دریائے چناب کے برساتی نالہ پلکھو اور نالہ ایک میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

مقبول خبریں