کراچی:
عیدالاضحیٰ کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے خصوسی مراسلہ جاری کردیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کے اعلان کے مطابق بغیر اجازت کھالیں جمع کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں ہی کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت ہوگی اور ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنا جرم تصور ہوگا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق لاؤڈ اسپیکر اور بینرز کے ذریعے کھالوں کے اعلان پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ زبردستی کھالیں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی جب کہ اجازت یافتہ ادارے صرف مقررہ وقت میں کھالیں جمع کر سکیں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر کھالیں ضبط کر کے منظور شدہ اداروں کو دی جائیں گی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر چیکنگ کریں گے۔
اس کے علاوہ عید کے دوران اسلحہ لائسنس معطل رہے گا۔
مراسلے کے مطابق اجتماعی قربانی کی اجازت بھی کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز دیں گے جب کہ خلاف ورزی سامنے آنے پر پولیس دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کرے گی۔