قومی اسمبلی کا اجلاس، پی ٹی آئی نے ارکان اسمبلی کی سزاؤں کو سیاسی قتل قرار دے دیا

پی ٹی آئی ارکان نے سزایافتہ ارکان کی تصاویر ایوان میں لاکر رکھ دیں اور وقتاً فوقتاً نعرے بازی کرتے رہے


اسٹاف رپورٹر August 04, 2025
—فوٹو: فائل

اسلام آباد:

قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے، پی ٹی آئی ارکان نے سزایافتہ ارکان کی تصاویر ایوان میں لاکر رکھ دیں اور وقتاً فوقتاً نعرے بازی کرتے رہے، پی ٹی آئی نے اراکین اسمبلی کی سزاؤں کو سیاسی قتل قرار دے دیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا، عبدالطیف، جمشید دستی، احمد چٹھہ، رائے حسن نواز اور زرتاج گل کی تصاویر ایوان میں لے کر آئے، نو منتخب رکن اسمبلی نے ارم حامد حمید  نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا تو پی ٹی آئی ارکان نے احتجاج اور نعرے بازی کی، اجلاس میں میاں اظہر  کے لئے دعا کرائی گئی۔

ملک عامر ڈوگرنے کہا کہ ہمارے اراکین کا سیاسی قتل کیا گیا اس پر بھی ایوان میں فاتحہ پڑھائی جائے، احتجاج کے طور پر ہم یہاں کھڑے ہوئے ہیں، ہمارے حوصلے بلند ہیں ہم ڈٹے ہوئے ہیں، ہم ظلم کے خلاف کھڑے ہیں خاموش نہیں ہیں۔

وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو آپ نے شہداء کی یادگاروں کو مسمار کیا، وزیر اطلاعات کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ کیا، عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کی سزائیں قانون کے مطابق ہوئی ہیں۔ 

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ میاں اظہر شرافت کے پیکر تھے انہوں نے سیاست میں ہمیشہ شرافت کو ترجیح دی ہم نے کچھ دوریاں اتنی زیادہ بڑھا دی ہیں کہ ایک دوسرے سے ملتے ہوئے بھی جھجکتے ہیں، سیاست دانوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا ختم کردیا ہے،

اجلاس میں خواجہ آصف، راجہ پرویز اشرف، رانا تنویر حسین، علی محمد خان اور فاروق ستار سمیت دیگر ارکان نے بھی میاں اظہر کے حوالے سے گفتگو کی۔ بعد ازاں اجلاس کل تک ملتوی کردیا گیا۔

مقبول خبریں