بھارتی فضائیہ کے سربراہ کے بیان نے بھارت کی رہی سہی ساکھ کو بھی مٹی میں ملا دیا، خواجہ آصف

بھارتی ایئر چیف کا بیان بھارت میں مودی کی شمشان گھاٹ میں جلی اور راکھ ھوئی سیاست کو زندہ کرنے کی ناکام کوشش ہے


ویب ڈیسک August 10, 2025

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 3 ماہ کے بعد بھارتی ایئر چیف خواب خرگوش سے جاگ اٹھے اور انہیں خیال آیا کے انہوں نے پاکستانی طیارے تباہ کیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں مودی کی شمشان گھاٹ میں جلی اور راکھ ھوئی سیاست کو زندہ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سے بدترین شکست پر بوکھلاہٹ، بھارتی ایئرچیف کا 6 پاکستانی طیارے مار گرانے کا مضحکہ خیز بیان

ان کا کہنا تھا کہ مودی وطن میں اور دنیا میں ٹکے ٹوکری ہو چکے ہیں، ایسی بھونڈی کوشش نے بھارت کی رہی سہی ساکھ کو بھی مٹی میں ملا دیا۔

اس سے قبل کیے گئے اپنے ایک ایکس پیغام میں وزیردفاع نے کہا تھا کہ یہ مضحکہ خیز ہے کہ بھارتی فوج کے سینئر افسران کو ان ناکامیوں کا چہرہ بنایا جا رہا ہے، جو دراصل بھارتی سیاسی قیادت کی اسٹریٹجک کوتاہیوں کا نتیجہ ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تین ماہ تک بھارت کی جانب سے کوئی ایسا دعویٰ سامنے نہیں آیا جبکہ پاکستان نے فوری طور پر بین الاقوامی میڈیا کو تفصیلی تکنیکی بریفنگز دیں اور غیر جانب دار مبصرین اور غیر ملکی انٹیلی جنس رپورٹس نے متعدد بھارتی طیاروں، بشمول رافیلز کی تباہی کی تصدیق کی، جس کا اعتراف بعض عالمی رہنماؤں اور بھارتی سیاست دانوں نے بھی کیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دونوں ممالک اپنے جنگی طیاروں کے موجودہ اسکواڈرنز کی آزادانہ تصدیق کرائیں، اس سے وہ حقیقت بھی ظاہر ہو جائے گی جسے بھارت چھپانا چاہتا ہے۔

قبل ازیں بھارتی ایئرچیف نے بنگلور میں ایک میموریل لیکچر کے دوران آپریشن سندور کے حوالے سے بات کرتے ہوئے 6 پاکستانی طیارے مارگرانے کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا تھا۔

بھارتی ایئرچیف نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے پاکستان کے پانچ لڑاکا اورایک ریڈار طیارہ تباہ کیے۔

 

مقبول خبریں