14اگست اور دوسرے قومی اہمیت کے دنوں میں پی ٹی آئی کا متشدد احتجاج معمول بن گیا، خواجہ آصف

ایک شخص قومی دنوں اور تہواروں سے زیادہ پی ٹی آئی کے لئے فوقیت رکھتا ہے، وزیر دفاع کی پی ٹی آئی پر سخت تنقید


ویب ڈیسک August 14, 2025

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14اگست اور دوسرے قومی اہمیت کے دنوں میں پی ٹی آئی کا متشدد احتجاج ایک معمول بن گیا ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ ایک شخص قومی دنوں اور تہواروں سے زیادہ پی ٹی آئی کے لئے فوقیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے کبھی دہشت گردی کی مذمت نہیں کی  بلکہ اسد قیصر صاحب نے کہا ہے کہ وہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن نہیں کرنے دیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران علیمہ خان صاحبہ (جنکا بھائی مودی کے آگے لیٹ گیا تھا) حکومت پر مودی کے ساتھ ساز باز کا الزام لگاتی رہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اس سال فوج کے 700شہدا نے جان وطن پر قربان کی، pti کے کسی لیڈر نے کوئی تعزیتی بیان نہ دیا نہ کسی کے گھر جاکر تعزیت کی بلکہ مخالفانہ بیان دیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پاکستانی ہیں یا یا کسی کلٹ کا حصہ ہیں جو نازک وقت پر اندرون پاکستان سالمیت پر حملہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی شخص یا لیڈر وطن سے بلند نہیں ہے۔

 

مقبول خبریں