یوم آزادی معرکۂ حق، شہداء کے اہلِخانہ کا وطن کے نام پیغام

یومِ آزادی محض جشن نہیں بلکہ قربانیوں اور جدوجہد کی عظیم داستان ہے


ویب ڈیسک August 14, 2025

یوم آزادی معرکۂ حق کے موقع پر شہداء کے اہلِخانہ نے وطن کے نام پیغام جاری کیا ہے۔

چودہ اگست وہ دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں کا خواب پاکستان کی صورت میں حقیقت بنا، یومِ آزادی محض جشن نہیں بلکہ قربانیوں اور جدوجہد کی عظیم داستان ہے۔

لانس نائیک عامر عباس شہید کے بھائی نے یوم آزادی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’’14 اگست وہ دن ہے جب بے مثال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد پاکستان آزاد ہوا۔‘‘

بھائی لانس نائیک عامر عباس شہید نے کہا کہ 14 اگست ہماری آزادی کی یاد، قربانیوں اور ہمت کی داستان ہے۔ یہ دن ہمارے اسلاف کی قربانیوں اور سپاہیوں کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہے، یہ دن ہمیں قربانیوں کی یاد اور سرحدوں کے نگہبان سپاہیوں کی عظمت کا پیغام دیتا ہے، افواج پاکستان ہر محاذ پر قوم کے دفاع کے لیے سینہ سپر ہے۔

نائیک ماجد شہید کے بیٹے نے یوم آزادی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’’کارگل کی بلندیوں سے سیاچن کے برف پوش میدانوں تک ہمارے جوان ہمیشہ سب سے آگے ہیں۔‘‘

بیٹے نے کہا کہ جنگ سے لے کر قدرتی آفات تک عوام کی خدمت میں افواج پاکستان ہمیشہ پیش پیش ہیں، یوم آزادی پر اپنے ملک سے محبت اور محافظوں کے لیے دعا ہمارا فرض ہے۔

شہید کی بیٹی کا کہنا تھا کہ ’’یوم آزادی پر ان محافظوں کو یاد رکھیں جو آزادی کے لیے جان نچھاور کرتے ہیں، یہ شہیدوں کی قربانیوں کا صلہ ہے کہ آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے محافظوں کے لیے دعا کریں جو ہر لمحہ جان قربان کرنے کو تیار ہیں۔‘‘

مقبول خبریں