کویت نے پاکستان میں ہونے والی سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیش کش کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو آج کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ الیاحیٰ کی کال موصول ہوئی۔
جس میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ نے کویت کے ولی عہد صباح الخالد الصباح کی طرف سے شمالی پاکستان میں حالیہ سیلابوں کے باعث جانی و مالی نقصان پر گہری تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کویت کی حکومت اور بھائی چارے کے جذبے سے سرشار عوام پاکستان کے اس مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کویت کی یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنما اس ماہ کے آخر میں جدہ میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں ملاقات کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں اب تک 308 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ درجنوں لاپتہ اور سیکڑوں املاک مکمل تباہ ہوچکی ہیں۔