اسحاق ڈار پاک ۔چین ۔افغان وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے کابل پہنچ گئے

اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان تجارت، علاقائی روابط اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوگا


ویب ڈیسک August 20, 2025
فوٹو فائل

اسلام آباد:

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاک چین افغان وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے کابل پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد سے جاری بیان میں بتایا گیاہے کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے چھٹے سہ فریقی اجلاس کے تیسرے دور میں شرکت کریں گے۔

اس اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان تجارت، علاقائی روابط اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

نائب وزیر اعظم کے ہمراہ افغانستان کے لیے خصوصی نمائندہ محمد صادق اور وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام بھی کابل گئے ہیں۔

ایئرپورٹ پر افغان نائب وزیر خارجہ محمد نعیم، چیف آف اسٹیٹ پروٹوکول فیصل جلالی، ڈائریکٹر جنرل فرسٹ پولیٹیکل مفتی نور احمد اور افغانستان میں پاکستان کے سفیر عبیدالرحمان نظامانی نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔

اجلاس کے دوران اسحاق ڈار کی افغان نگراں  وزیر خارجہ کے ساتھ علیحدہ ملاقات بھی متوقع ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوگی۔

کابل میں ہونے والا یہ سہ فریقی اجلاس خطے میں استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں