کراچی:
سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی میں بارش کے دوران جمع ہونے والے پانی کی نکاسی پر اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اب 100 ملی میٹر کی بارش کے نکاسی کا نظام بنانا ہے تو پورا شہر پھر کھودنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے نرسری میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موسمی تبدیلی کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو رہے ہیں، پچھلے ہفتے خیبرپختونخوا (کے پی) اور گلگت میں بارشوں کے باعث 400 افراد جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور اور دنیا بھر میں بارشوں سے شہر ڈوب گیا، کراچی میں کل 12 گھنٹوں کے دوران مجموعی طورپر 200 ملی میٹر یا اس سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر میں پانی جمع ہوگیا لیکن آپ دیکھیں نالے بہہ رہے ہیں، کیا نالوں کی صفائی راتوں رات ہوئی ہے، نہیں بلکہ حکومت سندھ تیاری کررہی تھی لیکن میڈیا بتا رہا تھا کہ شہر ڈوب گیا اور انتظامیہ نہیں تھی، جو غلط ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پوری انتظامیہ، بلدیاتی اداروں کا عملہ اور میں خود سڑکو ں پر ہوں، بمبئی سوکھ گیا، عوام کی مدد کر رہے ہیں اور بارش کے پانی کی نکاسی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہوا ہے لیکن لوگ پھر بھی باہر نکلے ہوئے ہیں، ابھی آدھا گھنٹہ بارش ہوئی ہے، اگر زیادہ ہوئی، تو یہ لوگ مزید تکالیف میں آجائیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ لوگوں کو خود بھی خیال رکھنا چاہیے، تعطیل کا مطلب ہے گھروں پر رہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میڈیا کہہ رہا تھا کہ 14 انڈر پاس ڈوب گئے، بارش ہوگی تو پانی جمع ہوگا، بارش رُکے گی تو پانی نکال دیں گے، ہماری بھی کوتاہیاں ہوں گی لیکن حکومت کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا نے اچھا کام بھی کیا شدید بارشوں کی وژیول دکھائیں، عوام کو پتا لگا کہ شہر میں نکلنا ٹھیک نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوکل باڈیز، پولیس اور انتظامیہ کام کرتی نظر آرہی ہے، کراچی کے نکاسی آب کا نظام اتنی بھاری بارش کے لیے ڈیزائن نہیں کیا ہوا ہے، اگر اب 100 ملی میٹر کی بارش کے نکاسی کا نظام بنانا ہے تو پورا شہر پھر کھودنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 1.6 بلین ڈالر(500) ارب روپے ہم پر ورلڈ بینک کی فیسیلٹی ہے جس میں سے 100 ارب روپے ملے ہیں، ہم ان فنڈز سے کام کر رہے ہیں اور سیوریج ٹھیک کر کرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں روڈ کٹنگ کی ہر ادارہ اجازت دیتا ہے، روڈ کٹنگ کی وجہ سے بارشوں کے دوران مسائل ہوتے ہیں، اب روڈ کٹنگ اتھارٹی بنا رہے ہیں، جو روڈ کٹنگ کی اجازت دے گی۔