کراچی میں بارش کے دوران حادثات میں 15 اموات، 2 سگے بھائی بھی کرنٹ لگنے سے جاں بحق

شاہ فیصل کالونی میں دونوں بھائی زیر زمین بجلی کی کیبل کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے


منور خان August 20, 2025
فوٹو: فائل

شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے جبکہ گڑھوں اور ندی میں ڈوب کر 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی کے علاقے 4 نمبر میں کرنٹ لگنے سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے ، واقعے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جس سکتا ہے کہ بارش کے دوران گلی میں دونوں بھائی سڑک پر جمع پانی میں گرے ہوئے دکھائی دیتے ہیں  جنھیں موقع پر موجود افراد نے سخت جدوجہد کے بعد دونوں کو کھینچ کر باہر نکلا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی امتیاز حسین نے بتایا کہ کرنٹ لگنے کا واقعہ منگل کی دوپہر پیش آیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے دونوں سگے بھائی ہیں اور ان کی شناخت 21 سالہ مراد اور 12 سالہ سراج ولد سلطان کے نام سے کی گئی۔

 ابتدائی تحقیقات میں واقعہ زیر زمین بجلی کے کیبل سے کرنٹ لگنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے، متوفین بھائیوں کی نماز جنازہ بدھ کو شاہ فیصل کالونی میں ادا کی گئی جنھیں بعدازاں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

دونوں متوفین بھائیوں کی متیتں رہائش گاہ سے ایک ساتھ اٹھائی گئیں تو علاقہ میں کہرام مچ گیا خواتین شدت غم سے نڈھال ہوگئیں جبکہ علاقے میں سوگ کی سی فضا چھا گئی تھی۔

گلشن معمار نادرن بائی پاس کے قریب پانی سے بھرے ہوئے گڑھے سے نوعمر لڑکے کی لاش ملی۔

ترجمان ایدھی حکام کے مطابق پولیس نے موقع پر ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی کی ایدھی سرد خانے منتقل کرا دی جبکہ فوری طور پر ملنے والی لاش کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی اور اس کی عمر 15 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔

 سائٹ سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی سروس روڈ کے قریب پانے سے بھرے ہوئے گڑھے سے ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی جبکہ نیو کراچی خمیسو گوٹھ ندی سے بھی ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی ، چھیپا حکام کے مطابق دونوں لاشوں کو رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید پہنچائیں جبکہ ملنے والی دونوں افراد کی لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی ان کی عمریں 65 سال کے قریب بتائی جاتی ہیں۔

اورنگی ٹاؤن کے علاقے 7 نمبر میں ندی کے قریب سے مسخ شدہ لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے ضابطے کی کارورائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔

اورنگی ٹاؤن پولیس کے مطابق ملنے والی لاش چند ماہ پرانی ہے اور وجہ موت کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جاسکے گا۔

دریں اثنا ایدھی حکام کے مطابق سہراب گوٹھ الآصف ندی اور لیاقت آباد سی ون ایریا ندی میں 2 بچوں کے ڈوبنے کی اطلاع پر ایدھی بحری خدمات کی ٹیم دونوں مقامات پر پہنچ گئیں اور ڈوب کر لاپتہ ہونے والے بچوں کی تلاش کا ریسکیو آپریشن شروع کر دیا تاہم دونوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تاہم رات ہونے کی وجہ سے آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہونے کی وجہ سے بچوں کی تلاش کا عمل روک دیا گیا ہے جو آج جمعرات کی صبح دوبارہ شروع کیا جائیگا۔

مقبول خبریں