مقبول نیٹ فلکس سیریز ’’ایملی اِن پیرس‘‘ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شوٹنگ کے دوران اچانک انتقال کر گئے

 47 سالہ ڈیاگو بورَیلا ہوٹل ڈینیلی میں شوٹنگ کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک گر پڑے۔


ویب ڈیسک August 24, 2025

کراچی:

مقبول نیٹ فلکس سیریز *ایملی اِن پیرس* کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیاگو بورَیلا (Diego Borella) شوٹنگ کے دوران اچانک انتقال کر گئے۔

اطالوی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اٹلی کے شہر وینس میں پیش آیا جہاں سیریز کے پانچویں سیزن کی ریکارڈنگ جاری تھی۔

47 سالہ ڈیاگو بورَیلا ہوٹل ڈینیلی میں شوٹنگ کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک گر پڑے۔ طبی عملے نے فوری امداد فراہم کرنے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

پیراماؤنٹ ٹیلی ویژن اسٹوڈیوز، جو یہ سیریز نیٹ فلکس کے لیے تیار کرتا ہے، نے بورَیلا کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے پروڈکشن فیملی کے ایک قیمتی رکن کی اچانک جدائی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ اس مشکل گھڑی میں ہماری ہمدردیاں مرحوم کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ڈیاگو بورَیلا کے انتقال کے بعد شو کی شوٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔ سیریز کا پانچواں سیزن 15 اگست کو وینس میں شروع ہوا تھا اور 25 اگست تک مکمل ہونا تھا۔ امکان ہے کہ بوریلّا کی آخری رسومات کے بعد شوٹنگ دوبارہ شروع کی جائے گی۔

یاد رہے کہ *ایملی اِن پیرس* ایک رومانٹک کامیڈی ڈرامہ ہے جو پہلی بار 2020 میں کورونا وباء کے دوران ریلیز ہوا تھا۔ اس کا نیا سیزن رواں سال کے آخر تک ناظرین کو پیش کیا جائے گا۔

مقبول خبریں