FIA نے اپنے نام سے جعلی ایف آئی آرز سے خبردار کردیا

جرائم پیشہ عناصر ایف آئی اے کے نام سے واٹس ایپ پر جعلی اور من گھڑت ایف آئی آر ارسال کررہے ہیں


ویب ڈیسک August 25, 2025

ایف آئی اے کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں ادارے کے نام سے جعلی ایف آئی آرز سے عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کو ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ جرائم پیشہ عناصر ایف آئی اے کے نام سے واٹس ایپ پر جعلی اور من گھڑت ایف آئی آر ارسال کرکے ہراساں کرتے ہیں۔

جعلی ایف آئی آر میں شہریوں کو نامزد کرکے خوف و ہراس میں مبتلا کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں، یہ عناصر فرضی اور گمراہ کن نام استعمال کر کے خود کو ایف آئی اے اہلکار ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ایسے پیغامات میں شہریوں کو ’’سائبر کرائمز اور دہشتگردی‘‘ جیسے سنگین الزامات لگا کر بلیک میل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے کسی بھی فرد کو اس نوعیت کے پیغام واٹس ایپ کے ذریعے نہیں بھیجتا۔

ایف آئی اے کی جانب سے عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک پیغام یا رابطے کی شکایت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو درج کرائیں جو کہ سائبر کرائم کی تحقیقات کےلیے مجاز ایجنسی ہے۔

جعلی پیغامات سے ہوشیار رہیں، اور اپنے ذاتی و مالیاتی معلومات کو ہرگز شیئر نہ کریں۔ مزید معلومات کےلیے ایف آئی اے ہیلپ لائن 1991 پر رابطہ کریں۔

مقبول خبریں