علیمہ خان سے صحافی کے چبھتے سوالات، بانی پی ٹی آئی کی بہن کا جواب دینے سے گریز

پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو اڈیالہ کی جانب جانے سے روک دیا


ویب ڈیسک September 02, 2025
—فائل: فوٹو

راولپنڈی:

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان سے  صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی اپنی طاقت کھو رہی ہے؟

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے آنے والی  ان کی بہن علیمہ خان سے صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی اپنی طاقت کھو رہی ہے، جس پر علیمہ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے بھائی سے ملنے آئی ہیں ،سیاست سے متعلق سوال پارلیمنٹ میں جا کر پوچھیں۔  پارلیمنٹ میں آپ کے سوال کا تسلی بخش جواب مل جائے گا۔

علیمہ خان نے  کہا کہ میرے بیٹے گرفتار ہیں، ان کی ضمانت نہیں لگ رہی،یہاں ہم اپنے بھائی سے ملنے آئے ہیں۔

صحافی نے عمران خان کے ٹویٹر سے متعلق سوال کیا، جس پر علیمہ خان نے جواب دیا کہ  آپ کون ہیں؟  آپ صحافی نہیں لگتے کوئی اور ہیں۔ علیمہ خان نے پولیس والوں سے پوچھا کیا یہ آپ کو صحافی لگتے ہیں؟۔ علیمہ خان نے ٹوئٹ کے حوالے سے بھی کوئی جواب دینے سے گریز کیا۔

بعد ازاں  شوکت خانم فنڈ سے جائیداد خریدنے  کے حوالے سے سوال پر علیمہ خان نے کہا کہ ’’یہ نیا آیا ہے‘‘۔ 2 سال سے مریم اور نواز شریف اقتدار میں ہیں، ان کو خیال نہیں آرہا۔ حکومت سو رہی ہے، آئیں مجھے گرفتار کر لیں۔ علیمہ خان نے جائیداد خریدنے کی تردید کرنے سے بھی گریز کیا۔

یاد رہے کہ آج بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کا دن ہے،ا س سلسلے میں ان کی بہنیں گورکھ پور ناکا پہنچیں جہاں پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا، جس پر تینوں بہنیں پیدل فیکٹری ناکا کی جانب روانہ ہو گئیں۔

ان کے علاوہ نعیم احمد پنجوتھہ، ظہیر عباس، عاقل خان اور ایم این اے شاہد خٹک بھی فیکٹری ناکے پر پہنچ گئے جب کہ بشریٰ بی بی کی بیٹی اور بھابی اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 5 پر پہنچیں۔

مقبول خبریں