صدر ٹرمپ کا صدر پیوٹن پر اظہارِ مایوسی، روس-چین تعلقات پر تشویش سے انکار

روس جان بوجھ کر ایسی کسی ملاقات کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے، یوکرینی صدر


ویب ڈیسک September 03, 2025

واشنگٹن:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ یوکرین میں جاری جنگ کے دوران ہلاکتوں میں کمی کے لیے کچھ اقدامات کرنے جا رہی ہے۔

تاہم انہوں نے روس اور چین کے درمیان بڑھتے تعلقات پر کسی قسم کی تشویش ظاہر نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں صدر پیوٹن سے بہت مایوس ہوں، اور ہم کچھ ایسا کرنے جا رہے ہیں جس سے لوگوں کی زندگیاں بچ سکیں۔ تاہم انہوں نے ان ممکنہ اقدامات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اگست کے وسط میں الاسکا میں صدر پیوٹن کے ساتھ ایک سربراہی اجلاس منعقد کیا تھا، جس کے بعد وہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اور نیٹو و یورپی رہنماؤں سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کر چکے ہیں۔

ان ملاقاتوں کے بعد ٹرمپ نے توقع ظاہر کی تھی کہ جلد زیلنسکی اور پیوٹن کے درمیان ایک دو طرفہ ملاقات ہو گی، جس کے بعد ایک سہ فریقی اجلاس بھی ممکن ہے جس میں وہ خود بھی شامل ہوں گے۔

یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس جان بوجھ کر ایسی کسی ملاقات کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ روسی حکام کا مؤقف ہے کہ اس ملاقات کے لیے ایجنڈا ابھی تیار نہیں۔

صدر ٹرمپ نے زیلنسکی کو یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ واشنگٹن یوکرین کی سلامتی کی ضمانت دینے میں کردار ادا کرے گا، بشرطیکہ کوئی معاہدہ طے پاتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی بھی دی ہے اگر یوکرین میں امن قائم کرنے کی کوششوں میں پیشرفت نہ ہوئی۔

مقبول خبریں