عمران خان کیخلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ؛ شہباز شریف  ویڈیو لنک پر جرح کیلیے طلب

پاناما لیکس کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی نے جھوٹا الزام عائد کیا، شہباز شریف کا ہرجانہ کیس میں مؤقف


ویب ڈیسک September 08, 2025

اسلام آباد:

عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کے کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کو ویڈیو لنک پر جرح کے لیے طلب کرلیا گیا۔

سیشن عدالت لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کے بانی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف دائر 10 ارب روپے ہتک عزت کے دعوے کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے وزیراعظم کو 12 ستمبر کو ویڈیو لنک پر جرح کے لیے طلب کرلیا۔

ایڈیشنل سیشن جج نے کیس کی سماعت کی، تاہم بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی غیر موجودگی کے باعث سماعت میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا صبح 10 بجے عدالت میں پیش ہوں۔

یاد رہے کہ شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ شہباز شریف کا مؤقف ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی نے ان پر جھوٹا الزام عائد کیا،  جس سے ان کی شہرت متاثر ہوئی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو الزام تراشی پر 10 ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔

مقبول خبریں