لاہور:
تھانہ نشتر کی حدود میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پراپرٹی ڈیلر جاں بحق ہو گیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ارشاد کے نام سے ہوئی ہے جو اپنی گاڑی میں موجود تھا کہ اچانک دو موٹر سائیکل سوار افراد نے قریب آ کر فائرنگ کر دی گولیاں لگنے سے ارشاد موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کرنے والے نامعلوم ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ نشتر پولیس، تفتیشی افسران اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور گاڑی اور اطراف سے شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے اہل خانہ اور دیگر افراد سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کی نوعیت اور ملزمان کے محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔