کراچی میں حالیہ مون سون سسٹم اچھی بارش برسانے کے بعد بلوچستان کی جانب منتقل ہوگیا تاہم سسٹم کے اثرات اب بھی شہر میں باقی ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیر حیدر لغاری کے مطابق آج شہر کا مطلع کہیں مکمل اور کہیں جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ مضافاتی علاقوں سمیت شہر میں ہلکی بارش کا امکان رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے چیف کا کہنا ہے کہ جمعہ سے مطلع جزوی اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان منتقل ہونے والے سسٹم کو بحیرہ عرب سے نمی مل رہی ہے جس کے تسلسل کے سبب نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے جمعہ کو بھی کبھی کبھار پھوار اور بوندا باندی کا امکان رہے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی نے واضح کیا کہ شہر میں موسلادھار بارشیں ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
واضح رہے کہ مون سون کے سسٹم کے تحت کراچی میں 8 سے 11 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز بارش ہوئی جس کے باعث ڈیموں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی سے قریبی علاقے زیر آب آگئے۔
کراچی میں بارشوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔