کراچی:
گڈاپ ٹاؤن کونکر ندی میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والے بچے سمیت 3 افراد کی لاشیں ندی سے نکال لی گئیں، حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق کونکرندی میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والے تمام افراد کی لاشیں ندی سے نکال لی گئی ہیں جس کے بعد کونکر ندی میں گزشتہ تین روز سے جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا۔
منگل کوشہرمیں موسلادھاربارش کے دوران گڈاپ سٹی تھانے کے علاقے گڈاپ ٹاؤن کونکرندی میں ڈوب کرلا پتہ ہونے والے افراد کی تلاش میں تیسرے روز جمعے صبح بھی ایدھی بحری خدمات کی ٹیم کی جانب سے ندی میں سرچ اینڈ ریسکیو ٓپریشن کیا گیا۔
تیسرے روز سرچ آپریشن کے دوران کونکرندی میں ڈوب پرجاں بحق ہونے والے بچے سمیت 3 افراد کی لاشیں وقفے وقفے سے ندی سے نکال لی گئیں، جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی لاشیں سہراب گوٹھ میں واقع ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئیں۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 8 سالہ کیلاش ولد راجہ، 45 سالہ اقبال علی ولد سبز علی اور 36 سالہ افضل ولد اعزازعلی کے ناموں سے کی گئی، جاں بحق افراد گڈاپ ٹاؤن کے رہائشی تھے۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد 70 سالہ گلاب، اس کی اہلیہ 60 سالہ نابو، بیٹا 40 سالہ بیٹا راجہ ولد گلاب اور 8 سالہ پوتا کیلاش ولد راجہ کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا اور تمام افراد ہائی روف گاڑی میں سوارتھے جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والا 45 سالہ اقبال ہائی روف گاڑی کا ڈرائیور تھا۔
ترجمان کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والا افضل سپرہائی وے بقائی ٹول پلازہ پر واقع اسپتال میں سکیورٹی گارڈ تھا، واقعے کے وقت سکیورٹی گارڈ رکشے میں سوار تھا اوررکشے سے اترکر موٹر سائیکل سوار 45 سالہ جاوید شاہ سے لفٹ لے رہا تھا کہ ندی میں بہاؤ تیزہونے سے موٹر سائیکل سوارسمیت ندی میں ڈوب کرلاپتہ ہوگیا تھا، بعد ازاں ان کی لاشیں ندی سے نکالی گئیں۔
واضح رہے کہ منگل کو شہر میں موسلا دھار بارش کے دوران گڈاپ ٹاؤن کونکرندی میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے رکشہ اور 2 گاڑیاں بہہ گئی تھیں جس کے باعث رکشے اور گاڑیوں میں سوار7 افراد ڈوب کرلا پتہ ہوگئے تھے۔