لاہور: سابق جج لاہور ہائیکورٹ حسن رضا پاشا کے دفتر پر فائرنگ

حسن رضا پاشا سینئر وکیل اور پاکستان بار کونسل کے موجودہ رکن بھی ہیں


اسٹاف رپورٹر September 19, 2025

لاہور:

لاہور: تھانہ چکلالہ کے علاقے میں سابق جج لاہور ہائی کورٹ اور سینئر وکیل حسن رضا پاشا کے دفتر پر نامعلوم ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حسن رضا پاشا کا دفتر لاہور ہائی کورٹ بینچ  کے قریب بوستان روڈ پر واقع ہے، حسن رضا پاشا لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج اور پاکستان بار کونسل کے موجودہ رکن بھی ہیں ان کے دفتر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم وہ فائرنگ کے بعد دفتر میں موجود نہیں تھے۔

فائرنگ کے بعد ڈی ایس پی سول لائن اصغر گورائیہ پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
حسن رضا پاشا اور  دفتر وکلاء کے دفاتر ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے قریب  گلریز ہاؤسنگ سوسائٹی و ہائیکورٹ روڈ  پر پلازا میں واقع ہیں، حسن رضا پاشا آفس میں موجود نہیں تھے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں اور انہیں آج واپس آنا ہے، حسن رضا پاشا کا  دفتر بند تھا جہاں شیشوں پر مختلف زاویوں سے گولیاں لگیں، پولیس اور فرانزک ماہرین نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دریں اثنا ممبر پاکستان بار کونسل حسن رضا پاشا نے ایکسپریس نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ میں دفتر میں موجود نہیں تھا، مجھے ٹارگٹ کیا گیا لیکن اللہ نے میری حفاظت کی، فائرنگ کرنے والے موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ سی ڈی 70 موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے کی، نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے چہرے چادروں سے ڈھانپ رکھے تھے، وہ بائیک سے اتر کر بیسمنٹ میں حسن رضا پاشا کے دفتر کے سامنے پہنچے اور مسلسل چھ فائر کیے، گولیاں شیشے توڑ کر دفتر کے اندر تک گئیں، پولیس اور فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیموں نے گولیوں کے چھ خول برآمد کیے۔

پولیس نے پلازا میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج تحویل میں کرلی، ملزمان نے سڑک پر کھڑے ہوکر بھی فائرنگ کی، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے بوستان روڈ کی جانب فرار ہوگئے۔

ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے کہا ہے کہ تحقیقات  کررہے ہیں جیسے ہی کوئی بات سامنے آئی تو میڈیا کو آگاہ کریں گے۔

مقبول خبریں