واشنگٹن: امریکا میں 30 سے زائد معروف نیوز اداروں نے پینٹاگون کی نئی میڈیا پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، درجنوں صحافیوں نے محکمہ دفاع کے اندر اپنے دفاتر خالی کر دیے، جس کے بعد پریس ایریا تقریباً سنسان ہوگیا ہے۔
پینٹاگون پریس ایسوسی ایشن نے اس اقدام کو "آزادی صحافت پر سیاہ دن" قرار دیا ہے۔ میڈیا اداروں کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی آزادانہ رپورٹنگ کے لیے خطرہ اور آئینی آزادیوں کی خلاف ورزی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، پینٹاگون نے صحافیوں کو حساس معلومات شائع نہ کرنے کا حلف نامہ جمع کرانے کا پابند کیا تھا، تاہم تنقید کے بعد لفظ "حلف" کو "Acknowledge" سے بدل دیا گیا۔
امریکی چینلز اے بی سی، سی بی ایس، سی این این، این بی سی، اور فاکس نیوز نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جو سی این این کمیونیکیشن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ نئے ضوابط صحافیوں کی آزادی کو محدود کرتے ہیں اور وہ عوام کو قومی سلامتی سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت سے محروم ہو جائیں گے۔
دوسری جانب پینٹاگون کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ نئی پالیسی کا مقصد قومی سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، نہ کہ میڈیا پر قدغن لگانا۔