جنگ بندی ٹوٹی تو حماس صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی، ٹرمپ کی دھمکی

ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حماس نے اپنی روش نہ بدلی تو اسرائیلی فوج دوبارہ غزہ کی گلیوں میں ہوگی


ویب ڈیسک October 21, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ اگر حماس نے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری نہ کی تو وہ اسرائیل کو دوبارہ غزہ میں داخل ہونے اور حماس کو مکمل طور پر ختم کرنے کا حکم دے سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ "ہم نے حماس کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اچھا برتاؤ کریں گے، لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو ہمیں کارروائی کرنی پڑے گی۔"

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ اجازت دیں تو اسرائیلی فوج صرف دو منٹ میں غزہ میں داخل ہو کر حماس کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کی ترجیح حالات کو قابو میں رکھنا اور جنگ بندی کو برقرار رکھنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حماس نے اب تک 28 میں سے زیادہ تر یرغمالیوں کی لاشیں واپس نہیں کیں، جو کہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حماس نے اپنی روش نہ بدلی تو اسرائیلی فوج دوبارہ غزہ کی گلیوں میں ہوگی اور "حماس کو ایک سخت سبق سکھایا جائے گا۔"

 

مقبول خبریں