گلوکار عاصم اظہر نے نیا نام اور اپنا پہلا انڈیپنڈنٹ میوزک البم متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے اپنی 29ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کے لیے ایک خاص اعلان کیا ہے۔ عاصم نے سوشل میڈیا پر اپنے نئے سفر کا آغاز کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک سب عاصم اظہر کو جانتے تھے اب ’عاصم علی‘ کو جانیں گے۔
عاصم اظہر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں لکھا، ’’آج اپنی 29ویں سالگرہ پر میں آپ کو کسی خاص سے ملواتا ہوں۔ اب تک آپ عاصم اظہر کو جانتے تھے، اب عاصم علی سے ملنے کی باری ہے۔ میرا سچا اور حقیقی روپ۔‘
اس ویڈیو میں عاصم اظہر کی والدہ کو بھی عاصم علی کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں عاصم اظہر کی بچپن سے جوانی تک کی کئی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔
گلوکار نے یہ بھی اعلان کیا کہ ان کا پہلا آزاد (انڈیپنڈنٹ) البم ’ASIM ALI‘ کے عنوان سے 24 نومبر 2025 کو ریلیز کیا جائے گا۔ انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ’’آپ سب کے پیار اور دعاؤں کے لیے دل سے شکرگزار ہوں۔ آپ سب سے ہمیشہ محبت رہے گی۔‘‘
عاصم اظہر کا شمار پاکستان کے مقبول ترین نوجوان گلوکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے متعدد ہٹ گانے پیش کیے۔ مداحوں کو ان کے اس نئے نام اور نئے البم کے بارے میں جاننے کیلئے بےصبری سے انتظار ہے۔