پشاور؛ سی ٹی ڈی تھانے کے اندر بارودی مواد پھٹنے سے دھماکا، اہلکار شہید

دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جو دیگر گولہ بارود تک بھی پھیل گئی، پولیس


ویب ڈیسک November 02, 2025

پشاور میں سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن کے اندر بارودی مواد پھٹنے سے دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا پولیس اسٹیشن کے اسلحہ خانے میں موجود پرانے بارودی مواد کے پھٹنے کے نتیجے میں ہوا۔ دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جو دیگر گولہ بارود تک بھی پھیل گئی، جس سے مزید دھماکے ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ بی ڈی یو، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تمام ملزمان کو حوالات سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور کلیئرنس آپریشن کا عمل جاری ہے۔

سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق ابتدائی تجزیے میں یہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں لگتا بلکہ پرانے دھماکا خیز مواد کے اچانک پھٹنے سے پیش آیا اور ہوسکتا کہ کسی شارٹ سرکٹ کے باعث باردوی مواد پھٹا ہو۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے باعث ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید اور دو اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ دھماکے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے سی ٹی ڈی ٹیم نے بتایا کہ 2025 میں دہشت گردی کے کیسز کا بارودی مواد تھانے میں پڑا تھا اور شارٹ سرکٹ سے تھانے میں پڑے بارودی مواد سے دھماکا ہوا۔

سی ٹی ڈی ٹیم کے مطابق گزشتہ سالوں کا بارودی مواد پہلے سے ہی ختم ہو چکا تھا، تھانے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سے پانچ یوم کے اندر اندر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی ابتدائی رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی۔ انہوں نے واقعے کی وجوہات جاننے اور حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کر دی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ دھماکے میں سی ٹی ڈی اہلکار کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اور سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے واقعے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا اور بہترین علاج کی ہدایت کر دی۔

مقبول خبریں