پنجاب حکومت کا عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین بھرتی کرنے کا فیصلہ

بل کا مقصد شعبہ صحت میں عملے کی کمی پوری کرنا ہے


ویب ڈیسک November 05, 2025

پنجاب حکومت نے عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے پنجاب لوکم ہائیرنگ ایکٹ 2025 پنجاب اسمبلی سے منظور بھی کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق منظور شدہ بل کے تحت لوکم پالیسی کمیٹی بنائی جائے گی۔ اس میں صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر چئیرپرسن، سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر وائس چئیر پرسن اور 3 فیلڈ کے ماہرین و ہیومن رسورس لوکم پالیسی کمیٹی کے ممبر ہونگے۔

کمیٹی صحت کے شعبے میں عملے کی کمی کی نشاندہی کرے گی اور عارضی بھرتی کے ٹی او آرز بھی طے کرے گی۔ کمیٹی بھرتی کی مدت، تنخواہ اور دیگر مراعات سمیت بھرتی ہونے کے معاہدے کو خارج کرنے کی شقیں بھی طے کرے گی۔

بل کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ بھرتی شفاف طریقہ سے کی جائے گی جبکہ بھرتی سے قبل کم سے کم 2 اخبارات میں اشتہار لازم ہوگا۔

اشتہارات میں بھرتی کا تمام تر طریقہ کار واضح کیا جائے گا۔ عارضی بنیادوں پر بھرتی ہونے والے مستقبل نوکری کی استدعا نہیں کر سکیں گے۔ محکمہ صحت کے مستقل ملازمین کو ملنے والی مراعات عارضی بھرتی ہونے والوں کو فراہم نہیں کی جائیں گی۔

عارضی بھرتیوں کی مدت بڑھانے یا ختم کرنے کا اختیار پالیسی کمیٹی کے پاس ہوگا جبکہ بل کا مقصد شعبہ صحت میں عملے کی کمی پوری کرنا ہے۔

مقبول خبریں