اسلام آباد:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قطر میں دوسری سماجی ترقی کانفرنس میں شرکت کی، اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، قطرکے وزیراعظم، تاجکستان اور عراقی صدور سے ملاقاتیں کیں۔
صدر نے اپنے خطاب میں غربت کے خاتمے، باعزت روزگار کے فروغ اور مساوات و انسانی حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا پاکستان سماجی انصاف، جامع ترقی اور عالمی یکجہتی کیلئے پُرعزم ہے، عالمی برادری عزت، مساوات اور یکجہتی کے تین ستونوں کے گرد متحد ہو۔
دوحہ میں دوسری عالمی سماجی ترقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے دوحہ پولیٹیکل ڈیکلریشن کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے وژن شمولیت اور پائیدار ترقی کے حوالے سے دوحہ ڈیکلریشن کی روح کے عین مطابق ہے۔
صدر زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی نے نو ملین سے زائد خاندانوں کو مالی امداد، صحت اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کر کے بااختیار بنایا، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے حکومت آئندہ پانچ برسوں میں شرح خواندگی 90 فیصد تک بڑھانے اور ہر بچے کو اسکول میں داخل کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔
صدر مملکت نے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اقدامات 24 کروڑ پاکستانیوں کی زندگیوں کے لیے ’’سنگین خطرہ‘‘ ہیں۔
دوحہ ڈیکلریشن پر عمل درآمد کے لیے روڈ میپ پیش کرتے ہوئے صدر زرداری نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ’’عزت، مساوات اور یکجہتی‘‘ کے تین ستونوں کے گرد متحد ہوں۔
انہوں نے عالمی مالیاتی اصلاحات، قرضوں میں نرمی، منصفانہ ٹیکسیشن، اور سوشل پروٹیکشن کے دائرے کے پھیلاوٴ پر زور دیا۔
صدر زرداری نے فلسطین میں جاری نسل کشی، نسل پرستی اور قحط کی شدید مذمت کی اور منصفانہ و پائیدار امن پر زور دیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر دونوں انصاف اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے “دو رخ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کا آغاز اور انجام عوام کی بہتری سے ہونا چاہیے، ہمیں تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر ہمدردی اور ترقی کے راستے پر چلنا ہوگا تاکہ سب کے لیے خوشحالی ممکن ہو سکے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات
قبل ازیں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی دوحہ میں ملاقات کی۔
صدرِ مملکت نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں سیکرٹری جنرل کی قیادت اور پاکستان کیلئے ان کی مسلسل حمایت کو سراہا اور جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کے منصفانہ حل اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
صدرِ مملکت نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا پاکستان تاجکستان کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور لسانی رشتوں پر مبنی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
صدرِ مملکت نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا CASA-1000 منصوبے کی بحالی مشترکہ خوشحالی کی جانب ایک اہم قدم قرارد یا۔ صدرِ مملکت نے اگست 2025ء میں ہونے والی مشترکہ فوجی مشق ’دوستی-II‘ کو سراہا اور دفاعی تعاون و استعداد کار میں معاونت کی پیشکش کی۔
عراقی ہم منصب سے ملاقات
صدرِ مملکت آصف علی زرداری عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف جمال رشید سے بھی ملے۔دونوں رہنماوٴں نے پاکستان اور عراق کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے تمام پہلووٴں کا جائزہ لیا۔
صدرِ مملکت اور عراقی صدر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ عراقی صدر نے صدرِ پاکستان کو دورہ عراق کی دعوت دی۔ صدر زرداری نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ عراقی پارلیمانی انتخابات کے بعد جلد دورہ عراق کریں گے۔ اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے سفیر برائے قطر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وقاص احمد ایکسپریس نیوز اسلام آبا
قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور قطر کے وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی کی دوحہ میں ملاقات ہوئی۔
قطری وزیراعظم خصوصی طور پر صدرِ مملکت سے ملاقات کے لیے ہوٹل پہنچے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں قطر کی قیادت کے اقدامات کو سراہا۔ صدرِ مملکت نے فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے کامیاب انعقاد پر قطری قیادت کو مبارک باد دی۔
قطری وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کی بہادری کی تعریف کی۔ قطری وزیراعظم نے افغانستان میں قیامِ امن کی کوششوں میں بہتری کی اُمید ظاہر کی۔
صدر آصف علی زرداری نے قطر کو پاکستان میں بالخصوص اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
قطری وزیراعظم نے کہا کہ قطر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کا حجم مزید بڑھائے گا۔
ملاقات میں خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے سفیر نے بھی شرکت کی۔