پاک-افغان مذاکرات آج سے استنبول میں ہوں گے

پاکستانی وفد کی قیادت کا حتمی فیصلہ افغان وفد دیکھ کر کیا جائے گا تاہم قومی سلامتی کے مشیر وفد میں شامل ہوں گے، ذرائع


خالد محمود November 05, 2025

اسلام آباد:

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات شیڈول کے مطابق آج استنبول میں ہوں گے، جس کے لیے مشیر قومی سلامتی سمیت وفد ترکیہ روانہ ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شیڈول کے مطابق جمعرات استنبول میں ہوگا اور اگر افغان طالبان کی جانب سے کسی سینئر وزیر کی شرکت کی تصدیق ہو جاتی ہے تو پاکستان کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ آصف استنبول روانہ ہو سکتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی وفد کی قیادت کا حتمی فیصلہ افغان وفد کی سطح کو دیکھ کر کیا جائے گا تاہم قومی سلامتی کے مشیر وفد میں شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران پاکستان کی جانب سے افغان سرزمین سے پاکستان پر ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کا مطالبہ ایک بار پھر دہرایا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ استنبول مذاکرات کا یہ دوسرا مرحلہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں کمی اور سیکیورٹی تعاون کے حوالے سے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں