27 ویں ترمیم، خیبرپختونخوا کے نام کی تبدیلی پر بات ہوئی ہے، وفاقی وزیرقانون

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بل میں شامل شقوں پر تقریباً تمام کام مکمل ہوگیا ہے


وقاص احمد November 09, 2025
( فوٹو: فائل )

اسلام آباد:

وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم کے بل میں شامل شقوں پر کام تقریباً مکمل ہوگیا ہے اور خیبرپختونخوا کے نام کی تبدیلی پر بھی کچھ بات ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بل میں شامل شقوں پر تقریباً تمام کام مکمل ہوگیا ہے،کچھ تجاویز جو بعد میں آئی ہیں ان پر بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے صوبے کے نام کی تبدیلی بارے کچھ بات ہوئی ہے، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور بلوچستان عوامی پارٹی کی تجاویز پر اب غور کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور باپ پارٹی کی تجاویز پر اپنی اپنی قیادت سے بات ہوگی اور وقفہ اس لیے ہی کیا گیا ہے سیاسی جماعتیں اپنی قیادت سے بات کر لیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے اے این پی سے رابطہ کرکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے اور حکومت کی درخواست پر اے این پی نے حاجی ہدایت الرحمان کو وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھجوانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ کوشش ہے ساری باتوں پر اتفاق رائے ہو جائے، اس کے لیے بات چیت جاری ہے، سیاسی جماعتوں اور کیمٹیوں میں بات ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ترامیم پر کوشش ہے اتفاق رائے ہو جائے، انتظار کریں تمام ترامیم ایک رپورٹ کی صورت میں سینیٹ میں پیش کردیں گے، صدر کو استثنیٰ پرانتظار کریں جلد سینیٹ میں تفصیل پیش کی جائے گی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ کئی ہفتوں سے جماعتوں میں بات ہورہی ہے، تمام افراد آن بورڈ ہوں گے سوائے ان کے جو کبھی آن بورڈ نہیں ہوئے ہیں۔

مقبول خبریں