کراچی: کورنگی مہران ٹاؤن میں فائبر فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیوں اور دو واٹر باوزرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا


شاہ میر خان November 22, 2025

کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں واقع فائبر کی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

 فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کی اطلاع ملتے ہی ابتدائی طور پر ایک گاڑی روانہ کی گئی، تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث مزید گاڑیاں طلب کی گئیں۔

حکام کے مطابق فیکٹری میں بھاری مقدار میں فائبر موجود تھا جس کے باعث آگ تیزی سے پھیلی اور عمارت خستہ حال ہوگئی جبکہ کچھ حصہ منہدم بھی ہوا۔ فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیوں اور دو واٹر باوزرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

فائر آفیسر ظفر خان کے مطابق جس وقت آگ لگی فیکٹری کے اندر کوئی موجود نہیں تھا، فائر فائٹرز نے عمارت کے تالے توڑ کر اندر داخل ہو کر کارروائی شروع کی۔ خوش قسمتی سے آتشزدگی کے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے اور کچھ دیر میں کولنگ کا عمل شروع کیا جائے گا جبکہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہو سکیں۔

 

مقبول خبریں