خیبرپختونخوا حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار شہرناز عمر ایوب کی برتری کا دعویٰ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ہری پور کے حلقہ این اے 18 میں ہونے والے ضمنی الیکشن اور غیر سرکاری نتائج آنے کے دوران خیبرپختونخوا حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار شہر ناز 25 ہزار سے زائد برتری حاصل کرچکی ہیں۔
شفیع جان نے کہا کہ ہری پور ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار شہرناز عمر ایوب کو 25,957 ووٹوں کی واضح برتری حاصل ہے، مختلف پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کی امیدوار شہرناز عمر ایوب اب تک 87,029 ووٹ حاصل کر چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے اب تک 61,072 ووٹ حاصل کیے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی برتری دراصل بانی چیئرمین عمران خان کے بیانیے اور نظریے کی واضح جیت ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار کی برتری عوام کے حقیقی تبدیلی کے سفر پر اعتماد کا اظہار ہے، ہری پور کے عوام نے ثابت کیا ہے کہ خیبر پختونخوا پی ٹی آئی کا مضبوط سیاسی قلعہ ہے، باشعور عوام نے ووٹ کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا باب بند کر دیا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہری پور ضمنی الیکشن میں صوبائی حکومت نے مکمل غیر جانبداری برقرار رکھی ہے۔