پاک ایران تجارت میں اہم سنگ میل عبور، دو طرفہ تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر

دونوں ممالک نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کرلیا


ویب ڈیسک December 17, 2025

اسلام آباد:

پاکستان اور ایران کے مابین سرمایہ کاری اور تجارتی روابط میں ایک اہم سنگ میل عبور ہوگیا۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ اور ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک ایران دو طرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا خطیر ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

دونوں ممالک نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام اور تجارتی حجم میں اضافہ پر اتفاق کرلیا جبکہ ملاقات میں نجی شعبے کے کردار کے فروغ اور اقتصادی وصنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی  زور دیا گیا۔

قزوین چیمبر آف کامرس کے سربراہ اور اراکین نے کراچی میں تجارتی و صنعتی نمائش میں خصوصی شرکت کی، اس دوران زراعت، کیمیائی صنعت، ایل این جی اور توانائی کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ماہرین کے مطابق پاک ایران تجارتی تعلقات کے استحکام سے علاقائی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ممکن ہوسکے گا، دو طرفہ تجارتی تعاون معاشی استحکام، روزگار میں اضافہ اور خوشحالی کی امید ہوگا۔

ایس آئی ایف سی کی دور اندیش حکمت عملی پاکستان کے بین الاقوامی اور اقتصادی روابط میں بہتری کا سبب بن رہی ہے۔

 

مقبول خبریں