انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع ہری پور کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے پولیس سہولت مرکز ہری پور کا باقاعدہ افتتاح کیا جس میں ضلع ہری پور کے عوام کے لیے متعدد سہولیات ایک چھت تلے مہیا کی جائیں گی۔
افتتاحی تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ناصر محمود ستی اور ضلعی پولیس آفیسر ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ ڈی پی او ہری پور نے آئی جی پی کو سہولت مرکز کے انتظامی اُمور اور دیگر حصوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
پولیس سہولت مرکز ہری پور جدید سہولیات سے مزیّن ہے جو کہ کریکٹر سر ٹیفیکیٹ (اندرون ملک وبیرون ملک)پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ،معاہدہ کرایہ داری(TIF) فارم کی فراہمی و وصولی،فارنر ڈیسک،گمشدہ ڈاکومنٹس کی رپورٹ کے اندراج جیسی خدمات فراہم کرے گا۔
آئی جی پی نے پولیس سہولت مرکز کے مختلف کاونٹرز کا معائنہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی بابت معلومات حاصل کیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ہری پور پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ شہریوں کو انکی دہلیز پر پولیس کی جانب سے تمام تر سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور خیبرپختونخوا پولیس اس کیلئے دن رات کام کررہی ہے۔اس سے عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم ہونگے اور عوام کا پولیس پر اعتماد بڑھے گا۔