وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جمہوریہ ماریشس کے ہائی کمشنر ایچ ای مسٹر منسو کرمباکس نے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماریشس کے سفیر منسو کرمباکس کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں بزنس ٹو بزنس روابط، تجارتی وفود اور نمائشوں کے انعقاد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماریشس کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور تعلقات تعلیم، سیاحت، زراعت، اور عوامی تبادلوں کے شعبوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں کا حلال فوڈ، ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بلیو اکانومی کے شعبے میں سرمایہ کاری پر ہرممکن تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ماریشس کے لئے چاول، ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات مزید بڑھانے کےلئے پُرعزم ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منسوکرمباکس کو نوجوانوں کی ترقی اور منشیات کے خلاف انتھک کاوشوں کو سراہا۔